بنگلورو۔6؍اگست(سیاست نیوز) شہر بنگلور سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے، اب تک سات قافلے سوئے حرم پہنچ چکے ہیں 2100سے زائد عازمین حج مکہ مکرمہ میں اپنی رہائش تک پہنچ چکے ہیں ، عمرے کی ادا ئیگی کے بعد عزیزیہ اور گرین زمروں میں ان کی طے شدہ عمارتوں میں عازمین کا قیام ہے۔ وہاں پہنچنے والے عازمین کی طرف سے موصولہ اطلاع کے مطابق گرین ز مرے کی عمارتیں حرم شریف سے ایک کلومیٹر کے دائرے سے باہر ہی موجود ہیں ، اور انہیں حرم شریف تک پہنچنے کے لئے اپنی عمارتوں سے پیدل جانا پڑتا ہے۔ چونکہ یہ پہاڑی علاقے ہیں اسی لئے بعض عمارتیں نشیب وفراز پر موجود ہیں اس کی وجہ سے گرین زمرے میں ٹھہرنے والے معمر عازمین تھوڑے بہت پریشان ہیں۔ البتہ عزیزیہ زمرے کو منتخب کرنے والے عازمین کافی مطمئن ہیں۔
حج کمیٹی کی طرف سے ان عازمین کے لئے قیام کی عمارتیں عزیزیہ شمالیہ اور عزیزیہ جنوبیہ میں منتخب کی گئی ہیں۔ فائی اسٹار ہوٹلوں جیسی سہولتوں سے آراستہ ان عمارتوں میں کشادہ کمرے ، لفٹ ، پکوان وغیرہ کی بہترین سہولتیں مہیا کرائی گئی ہیں۔ البتہ گرین زمرے میں ٹھہرنے والے عازمین کو پکوان کی سہولت نہیں دی گئی ہے، جس کی اطلاع روانگی سے پہلے ہی دی جاچکی ہے۔
حج بھون سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی خصوصی دعا کے ساتھ جاری ہے۔ ریاستی وزیر حج ضمیر احمد خان اور خادم الحجاج حج کمیٹی چیرمین جناب روشن بیگ کی نگرانی میں سینکڑوں کی تعداد میں رضاکار حج بھون اور ایرپورٹ پر عارضی حج ٹرمینل میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ خدمت حج کے مختلف شعبوں میں شہر کے مختلف اداروں کی طرف سے رضاکار شب وروز خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ عازمین حج کی آمد پر استقبال سے لے کر ایرپورٹ پر آخر عازم حج کو طیارے میں سوار کرنے تک ہر طرح کی خدمت انجام دی جارہی ہے۔ حج بھون میں عازمین کے لگیج کی روانگی حج بھون کی ایک اہم خدمت رہی ہے انجمن خدام المسلمین کے رضاکاروں کی طرف سے گزشتہ بایئس سالوں سے یہ خدمت انجام دی جارہی ہے۔ عازمین حج کی طبی جانچ کے لئے حج بھون کے احاطے میں عارضی اسپتال موجود ہے، ڈاکٹر ریاض باشا ہ اور ان کی ٹیم عازمین کو طبی دیکھ بھال کی خدمت کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت ساری الگ الگ ٹیمیں انہیں دی گئی ذمہ داریوں پر مامور ہیں۔